تعارف

اکادمی ادبیات پاکستان کا قیام جناب ذوالفقار علی بھٹو کی وازرتِ عظمیٰ کے دور میں وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت ایک خود مختار ادارے کی حیثیت سے یکم جولائی 1976ءکو عمل میں آیا۔ 1978ءمیں اکادمی ادبیات پاکستان کے لیے اغراض و مقاصد طے کیے گئے ۔ اساسی اراکین کی حیثیت سے ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی ، جناب اے ۔ کے بروہی ، جناب ابوالاثر حفیظ جالندھری، میاں سید رسول رسا، پروفیسر احمد علی ، جناب احمد ندیم قاسمی، جناب شریف کنجاہی اور ڈاکٹر نبی بخش خاں بلوچ کو نامزد کیا گیا۔ ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی ، مجلس رفقائے اساسی کے پہلے صدر تھے۔ رہنمائی کےلیے ایک بورڈ آف گورنرز قائم کیا گیا۔

بعد ازاں عدالت ِ عظمیٰ کے ایک فیصلےاور اس کی روشنی میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں اکادمی کی پالیسی تیار کی گئی اور اکادمی کو ایک ماتحت ادارے کی حیثیت دےدی گئی۔ تاہم ادارے کے بنیادی مقاصد پر موثر طریقے سے عمل درآمد کے پیش نظر،اس وقت کی انتظامی وزارت نے ضروری جانا کہ اکادمی کی خود مختار حیثیت بحال کر نے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے اور اسٹبیلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ایک ایکٹ تیار کیا گیا جسے قواعد وضوابط کی تکمیل کے بعدمارچ 2013 ءمیں نافذ کیا گیا۔یوں اکادمی کو ایک مرتبہ پھر خود مختار ادارے کی حیثیت دے دی گئی-

ڈاکٹر شفیق الرحمٰن ، اکادمی ادبیات پاکستان کے پہلے چیئرمین مقرر ہوئے۔ اب تک اس منصب پروفیسر پریشان خٹک، جناب احمد فراز، جناب غلام ربانی آگرو، جناب فخر زمان ، جناب نذیر ناجی ، جناب آفتاب احمدشاہ(قائم مقام) ، جناب مرزامحمدمشیر(قائم مقام) ،جناب افتخار عارف ، جناب عبدالحمیداور جناب شیراز لطیف(قائم مقام)پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو، عبدالمجید نیاری(قائم مقام)،سید جنید اخلاق(قائم مقام)اور محمد سلیمان (قائم مقام)فائز رہے، آج کل پروفیسر ڈاکٹرمحمد یوسف خشک اکادمی کے چئیرمین ہیں۔

جناب احمد فراز کا پروجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے تقرر1979ء میں ہوا۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کے منصب پر فائز رہنے والوں میں پہلے ڈائریکٹر جنرل جناب مسیح الدین احمد صدیقی تھے۔ ان کے بعد جناب غلام ربانی  اے آگرو، جناب افتخار عارف، جناب مظہر الاسلام ، جناب سلیم ۚاختر کیانی ، جناب خالد اقبال یاسر، جناب مولا بخش بلوچ، جناب گلزار احمد ، جناب محمد انور خاں، جناب عتیق الرحمان (قائم مقام )،جناب ظہیر الدین ملک ،ڈاکٹر راشد حمید(قائم مقام)، جناب ابدال بیلا(قائم مقام)، محترمہ غیور سلطانہ(قائم مقام)، جناب ریاض حسین(قائم مقام) جناب نذیراحمد(قائم مقام)جناب ندیم اقبال عباسی(قائم مقام) ، محترمہ زاہدہ پروین اور ڈاکٹرراشدحمید ڈائریکٹر جنرل مقرر کیے گئے ۔