

"کتاب انسان کی بہترین رہنما اور فکری تربیت کا مؤثر ذریعہ ہے۔ فرح ناز اکبر"
"چین کے تجربات سے سیکھ کر پاکستان ترقی کے نئے مواقع حاصل کر سکتا ہے۔ ڈاکٹر نجیبہ عارف"
اسلام آباد؛ ۲۳ اپریل ۲۰۲۶: عالمی یومِ کتاب کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے باہمی اشتراک سے ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گی،جس میں صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ثقافتی ہم آہنگی، علمی تبادلوں اور کتاب دوستی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ تقریب میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر صدرِ مجلس، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کتاب انسان کی بہترین رہنما اور فکری تربیت کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین سدا بہار دوستی کو کتابوں اور علمی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں پاک چین تعلقات کی سات دہائیوں پر محیط کامیاب اور تعاون پر مبنی داستان کو نہایت بلیغ انداز میں پیش کیا۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے ادبی و ثقافتی روابط کے فروغ کو پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر نجیبہ عارف نے کہا کہ پاک چین تعلقات ہر شعبے میں مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چین کے تجربات سے سیکھ کر پاکستان ترقی کے نئے مواقع حاصل کر سکتا ہے۔
















