

اکادمی ادبیات پاکستان ، پاکستانی زبانوں کے ادب کی ترویج و اشاعت اور پاکستانی اہل قلم کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والا ایک قومی ادارہ ہے۔ یہ حکومت پاکستان کا ایک خود مختار ادارہ ہے جو جولائی 1976 میں وفاقی وزارتِ تعلیم کے تحت قائم کیا گیا۔ فی الوقت یہ ادارہ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، حکومتِ پاکستان کے تحت بطور خود مختار ادارہ کام کر رہا ہے۔
اکادمی کا مرکزی دفتر پطرس بخاری روڈ، ایچ ایٹ ون، اسلام آباد میں واقع ہے۔ اکادمی نے اہلِ قلم سے رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں بھی علاقائی دفاتر قائم کر رکھے ہیں جو ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں معاونت کرتے ہیں۔ ان دفاتر کے زیرِ اہتمام باقاعدگی سے ادبی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔