یاَ الٰہی ، رحم کر

(ڈاکٹر انیس الرحمن)

تیرے درپر آپڑے ہیں‘ یاالٰہی‘ رحم کر!
تجھ سے ہی سب مانگتے ہیں‘ یا الٰہی‘ رحم کر!

سب وباؤں‘ سب بَلاؤں‘ آفتوں کو دورکر
رنج و غم گھیرے ہوئے ہیں‘ یا الٰہی‘ رحم کر!

تیری رحمت پر نظر ہے‘ تیری قدرت پر یقیں !
مسئلے ہی مسئلے ہیں‘ یا الٰہی رحم کر !

سارے سلطان وگدا‘ سب نیک و بد تیرے ہی ہیں
مغفرت سب چاہتے ہیں‘ یا الٰہی رحم کر !

سارے طوفان و حوادث ‘ سامنا جن کا رہا‘
حکم سے تیرے ٹلے ہیں‘ یا الٰہی رحم کر !

تو ہی خالق، تو ہی مالک‘ تو‘ ہی ہے پروردگار‘
مانتے تھے ‘ مانتے ہیں‘ یا الٰہی ‘ رحم کر !

پھرسے لوٹا دے زمیں کو زندگی کی رونقیں‘
سارے انساں کہہ رہے ہیں‘ یاَ اِلٰہی ‘ رحم کر !

Comments are closed.