وبا کے دنوں میں

(ارسلان احمد)

وبا کے دنوں میں! 1
________________

وبا کے دنوں میں میت کا غسل
جنازے کا کندھا
اور آخری لمحے کا دیدار نہیں ہوتا
لیکن یہی نہیں۔۔۔

ان دِنوں قبر کے پھولوں کی
گلقند نہیں بنائی جاتی
لاش کے بالوں کی وگ نہیں بنتی
کفن پلاسٹک کا ہوتا ہے
جو چوری نہیں ہوتا

اور کوئی آدم خور زندہ نہیں بچتا۔۔۔

ع
وبا کے دنوں میں 2
______________________

مختصر کر جاتی ہے زندگی کو، ہر ملاقات!
بن جاتا ہے مرکب خوفِ خدا میں خوفِ وبا!
بڑھ جاتی ہے اہمیت میں محبت سے، مدافعت!
کھو بیٹھتے ہیں کرنسی نوٹ تک، اپنی وقعت!
رہ جاتا ہے جمع، بہت سا، موت کے بعد کا راشن!
چلی جاتی ہیں نقابوں تلے، کھلی مسکراہٹیں!
مٹ جاتی ہے مصافحوں اور معانقوں کی، ملمع کاری!
روٹھ جاتا ہے بدن سے، لمس کا رزق!
دور ہو جاتا ہے، اپنا چہرہ، اپنے ہاتھ سے!

مکمل ہوتی ہے وبا کے دنوں میں، تنہائی!

ع
وبا کے دنوں میں 3
______________

کون پہلی محبت نہیں تھا
کون آخری محبت نہیں۔۔۔

کون ہے جو پہلی اور آخری محبت ہے!

کون سا بچہ کس کی اولاد ہے…
کون سی دولت کس پر حلال ہے…

کس قتل کا سراغ کس زمین میں ہے
مثلث کب سے ہے اور کن تین میں ہے۔۔۔

وبا کے دنوں میں
ضروری ہوتا ہے
وصیت لکھ رکھنا۔۔۔
__________________
ع۔
وبا کے دنوں میں 4

کھانسی اور ہچکی کا فرق
غیر واضح ہوتا ہے

عوام کے مسیحاؤں اور خدا کے وکیلوں کو
موکل اور دستانے نہیں ملتے

زمین کو وینٹی لیٹر لگانے والوں کو
زمین کو وینٹی لیٹر لگانے کی ہمت نہیں ہوتی

ہجوم کی بھوک میں خوف
اور خوف کی موت میں بھوک نہیں ہوتی

دو محبت کرنے والوں کے درمیان
دو محبت کرنے والے نہیں ہوتے

___________________

وبا کے دنوں میں 5
(Flattening The Curve)

یہ اعداد کی قوس کب سیدھی ہو گی
ہمیں کیا خبر۔۔۔ بس
خدا کو خبر ہے

نقابوں کی قوسیں تھیں ذمّے ہمارے
جو چہروں پہ سیدھے کیے ہیں

کواڑوں کی قوسیں تھیں ذمے ہمارے
جو کھلتے نہیں ہیں

ہماری بھنووں کی کمانیں
دعا میں اٹھے ہاتھ
سجدوں، رکوعوں کی قوسیں
اکڑنے لگی ہیں

بدن قوس تھے جو بدلنے لگے ہیں
دہن قوس ہوتے نہیں ہیں

خدا تیری قوسِ قزح کب کھلے گی؟

_________________

وبا کے دنوں میں 6
(زندگیوں میں بدلاؤ)

ہاتھ ملانے کی رسم
تب ایجاد ہوئی
جب ہتھیار پھینکنا
سیکھا جا چکا تھا
اور بغلوں میں چھریاں
عام ہونے لگی تھیں

زندگیوں میں بدلاو آیا۔۔۔

جاپانیوں نے دور سے جھک کر سلام کہنا سیکھا
دشمن اور دوست سے مناسب فاصلہ
ہمیشہ بنائے رکھا
ایٹمی طاقت سے تباہ کیے گئے

زندگیوں میں بدلاو آیا۔۔۔

اہلِ فارس نے چوہے سے
طاعون کا تعلق پہچانا
نعش کو کاٹ کر اعضا کا نقشہ بنایا
پہلی جراحی کی
اور مُردوں کی بے حرمتی کی پاداش میں
بو علی سینا کو سزا دی

زندگیوں میں بدلاو آیا۔۔۔

فرانسیسیوں نے چالیس دن کا کوارنٹائن ایجاد کیا
بندرگاہوں پر بیماریوں کا ویزہ کینسل ہوا
صحت مند انسانوں کو ویزہ ملنے لگا

زندگیوں میں بدلاو آیا۔۔۔

یہود کی منڈی میں
سونے کے سکے انسانوں سے کم پڑ گئے
کاغذ کا نوٹ ایجاد ہوا
اور پھر سب ادیان کی
اعتبار کی آیات کو
نوٹوں پر لکھ دیا گیا

زندگیوں میں بدلاؤ آیا۔۔۔

اگلے نئے بدلاؤ کے لیے
اسٹیج تیار کرنے میں
وبا کی مدد کرو

__________________

ع۔
وبا کے دنوں میں
(سقوطِ گینڈا)

بابائے کل اقوم، پوری صدی
اسنوکر کھیلتے رہے

اسنوکر کی سب سے بہترین گیندیں
گینڈے کے سینگ سے بنتی رہیں

کچھ عرصہ پہلے
آخری سفید گینڈا مارا گیا

سقوطِ گینڈا سے
کسی قوم کو فرق نہیں پڑا

آخری انسان مرنے سے
کسی سیارے کو فرق نہیں پڑنے والا

Comments are closed.