

(اسلام آباد پ۔ر)آج مورخہ 21 مئی 2026ء بروز جمعرات، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے بی ایس انگلش لٹریچر کے 35 طلبہ نے پروفیسر ڈاکٹر شیراز دستی کی سربراہی میں اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ (Study Visit) کیا۔ اس موقع پر صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر بی بی امینہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ ابتدا میں پاک چین دوستی اور تعلقات کے ۷۵ سال مکمل ہونے پر پرچم کشائی کی تقریب کی گئی جس کے بعد طلبہ نے دونوں ممالک کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔ بعد ازاں شیخ ایاز کانفرنس ہال میں صدر نشین اکادمی ادبیات پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نجیبہ عارف نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اکادمی کے اغراض و مقاصد، ادبی خدمات اور جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے نسل نو اور نوجوانوں کے لیے جاری منصوبوں اور تقاریب کا مفصل احوال بیان کیا اور کہا کہ ادب سے جڑت موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ انسانی شعور، فکری وسعت اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ مطالعاتی دورے کے دوران میں طلبہ کو اکادمی کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔ اس موقعے پر ایوانِ اعزاز(ہال آف فیم)کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ فیض احمد فیض آڈیٹوریم، کمیٹی روم، اکادمی میں آویزاں ادبا کی تصاویر، پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر، رائٹرز ہاؤس اور اکادمی ادبیات پاکستان کی احمد فراز لائبریری اور بک شاپ کا بھی دورہ کروایا گیا۔احمد فراز لائبریری میں لائبریرین ثمینہ خان نے طلبہ کو جاری آن لائن پبلک ایکسس لائبریری منصوبے کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔طلبہ کو اکادمی میں جاری مخطوطات کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے بھی متعارف کروایا گیا اور انھیں مخطوطات دکھائے گئے۔مطالعاتی دورے کے اختتام پر طلبہ نے اکادمی ادبیات پاکستان کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے اس دورے کو معلوماتی، مفید اور یادگار قرار دیا۔



















