پاکستان کے ممتاز ادیبوں کے چار رکنی وفدکا چینی دورہ

اسلا م آباد( پ ۔ ر) اکادمی ادبیات پاکستان کے ممتاز ادیبوں کا چار رکنی وفد چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی دعوت پر پانچ روزہ دورے پر چین اور پاکستان کے مابین پہلے سے طے شدہ کلچرل ایکسچینج کے معاہدے کے تحت بیجنگ، چائنا گیا ہے۔ پاکستانی ادیبوں کے وفد میں شاعر امجد اسلام امجد ، ڈاکٹر ادل سومرو، بشریٰ فرخ اور اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید شامل ہیں۔پاکستانی وفد کی ملاقات چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل زحانگ چاﺅاور وو یاکن اور دوسرے اہم ممبران سے ہوئی جس میں دونوں اداروں کی بریفینگ کے بعد اکادمی ادبیات پاکستان اور چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی یادداشت پر دستخط ،باہمی بنیادوں پر ادب کے تراجم اور دوسرے ادبی امور پر تبادلہ خیال اور اتفاق رائے پایا گیا۔اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے اکادمی کی طرف سے اکادمی کے شش ماہی رسالہ ” پاکستانی لٹریچر “ خصوصی شمارہ جلد نمبر12-13 (2007-08) چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کو چینی زبان میں ترجمہ کے سلسلے میں پیش کیا اور چین کے ادب کو پاکستانی زبانوں میں ترجمہ کے سلسلے میں بھی یقین دہانی کرائی گئی۔چائنا ساﺅتھ ایشیا لٹریچر کا دوسرا فورم جو کہ اکتوبر 2019ءمیں کھٹمنڈو نیپال میں ہونا طے پایا ہے کے حوالے سے پاکستان کی شرکت کو یقینی بنانے کے بارے میں بھی غور و خوض کیا گیا۔وفد میں پاکستان کی طرف سے امجد اسلام امجد جیسے سینئر اور ممتاز شاعر کی وفد میں موجودگی کو سراہا گیا اور ان کی ادبی خدمات جو کہ چینی زبان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ پاکستانی وفد کی جانب سے کتابوں اور دوسرے تحائف چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کے سربراہ اور دوسرے ممبران کو پیش کےے گئے اور بیجنگ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے لےے کتابوں کا تحفہ دیا گیا۔ چائنا رائٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چائنا کے ممتاز ادیب بھی شرکت کریں گے۔

Comments are closed.