اکادمی ادبیات پاکستان کی پبلی کیشن کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (پ ر) اکادمی کے اشاعتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے ۔ یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین سید جنید اخلاق ، نے اکادمی کی پبلی کیشن کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر احسان اکبر، محمد حمید شاہد، ڈاکٹر واحد بخش بزدار، م ۔ر شفق ، پروفیسر جلیل عالی،افشاں عباسی ، ڈاکٹر راشد حمید ڈائریکٹرجنرل اکادمی اور ڈاکٹر علی یاسر نے شرکت کی۔چیئرمین اکادمی نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان کی مطبوعات کے حوالے سے رسائل و کتب کی اشاعت کے لیے مالی مشکلات کے باوجود مطبوعات باقاعدگی سے شائع ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکادمی کے اشاعتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد شروع کیا جارہا ہے ۔ پاکستانی ادب کے معمار کے سلسلے میں متعددپاکستانی زبانوں کے مشاہیر پر کتابیں تحریر کرائی جارہی ہیں۔ چیئرمین اکادمی نے کہا کہ پاکستانی ادب کے معمار کا سلسلہ اہل قلم اور عام قارئین میں بہت مقبول ہے ،اجلاس میںبتایا گیا کہ اس سیریز کی کتاب ’’احمد ندیم قاسمی: شخصیت اور فن ‘‘، ’’شیخ ایاز:شخصیت اور فن‘‘اور’’ کشور ناہید : شخصیت اورفن‘‘ اضافے اور ترمیم کے ساتھ شائع ہو چکی ہیں ۔ کتاب’’علامہ اقبال: شخصیت اور فن‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع ہو چکا ہے ۔ اس کے علاوہ اس سیریز کے تحت سلیم کوثر، سلیم راز، مستنصر حسین تارڑ، ڈاکٹر محمد علی صدیقی، ظفر اقبال، منیر احمد بادینی، خاقان خاور، طہٰ خان اور پیر فضل حسین گجراتی پر کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ اجلاس میں معمار ادب سیریز کی نئی کتابوں کی اشاعت کی منظوری بھی دی گئی جن پر کام شروع کردیا جائے گا۔ اکادمی کا سہ ماہی ’’ادبیات‘‘ کا شمارہ نمبر 114تا 118باقاعدہ شائع ہو چکے ہیں۔ سہ ماہی ’’ادبیاتِ اطفال‘‘ کے شمارہ نمبر 1تا7شائع ہوچکے ہیں۔ ششماہی ’’پاکستانی لٹریچر‘‘ ادارت کے مراحل میں ہے۔ اس کے علاوہ دیگر کتابو ں میں ’’پاکستانی اہل قلم خواتین‘‘(1947-2017)، ’’اردو کے منتخب انشائیے‘‘(1991-2016)، اور ’’انتخاب پاکستانی ادب‘‘2013(حصہ شاعری) شائع ہو چکی ہیں۔ ’’اکادمی خبرنامہ اکادمی‘‘ کا شمارہ جنوری تا مارچ2019اشاعت کے مراحل میں ہے۔ اکادمی کی پبلی کیشن کمیٹی نے مطبوعات ِ اکادمی کو سراہا اور اکادمی کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Comments are closed.