’’کمالِ فن ایوارڈ 2017‘‘ اور ’’ قومی ادبی ایوارڈز2017‘‘ کا اعلان

اسلام آباد(پ۔ر)اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے ادبی ایوارڈ ’’کمالِ فن ایوارڈ 2017‘‘ کا اعلان مورخہ20؍مارچ 2019 بروزبدھ ، بوقت 11:30بجے دوپہر ،اکادمی ادبیات پاکستان کے دفتر،واقع H-8/1، پطرس بخاری روڈ،اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ کمالِ فن ایوارڈ اور قومی ادبی ایوارڈز ادب کے لیے ملک کے اہم ترین ایوارڈز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ’’کمالِ فن ایوارڈ‘‘ زندگی بھر کی ادبی خدمات پر پیش کیا جاتا ہے۔ ا س ایوارڈ کے ساتھ مبلغ 1,000,000/-(دس لاکھ )روپے ییش کیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا اعلان پاکستان کے معتبرو مستند اہلِ دانش پر مشتمل منصفین کے فیصلے کے مطابق کیا جائے گا۔ اس موقع پرسال 2017کے ’’ قومی ادبی ایوارڈز‘‘ کا اعلان بھی کیا جائے گا جس میں سال 2017میں شائع ہونے والی بہترین کتابوں پر اردو نظم کے لیے ’’ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ ایوارڈ‘‘، اردو نثرکے لیے’’بابائے اردو ڈاکٹر مولوی عبدالحق ایوارڈ‘‘، پنجابی کے لیے ’’سید وارث شاہؒ ایوارڈ‘‘،سندھی کے لیے’’شاہ عبد اللطیف بھٹائیؒ ایوارڈ‘‘،پشتو کے لیے ’’خوشحال خان خٹکؒ ایوارڈ‘‘،بلوچی کے لیے ’’مست توکلیؒ ایوارڈ‘‘،سرائیکی کے لیے ’’خواجہ غلام فریدؒ ایوارڈ‘‘، براہوئی کے لیے ’’تاج محمدتاجل ایوارڈ‘‘،ہندکو کے لیے ’’سائیں احمد علی ایوارڈ‘‘ اور انگریزی کے لیے ’’پطرس بخاری ایوارڈ‘‘کے علاوہ بہترین ترجمہ کی کتاب پر ’’محمد حسن عسکری ایوارڈ‘‘کا اعلان بھی کیاجائے گا۔ اس ایوارڈ کی رقم مبلغ200,000/-(دو لاکھ) روپے فی ایوارڈ ہے ۔

Comments are closed.